برطانیہ میں موٹے افراد کے لیے نئی سہولت متعارف

برطانیہ میں موٹے افراد کے لیے نئی سہولت متعارف
سورس: File

لندن : برطانوی حکومت کی طرف سے موٹے افراد کا وزن کم کرنے کے لیے نئی سہولت فراہم کر دی گئی ہے جس کے تحت اب وہ فارماسسٹ سے این ایچ ایس کے وزن کم کرنے سے متعلق بھی معلومات حاصل کرسکیں گے ۔

رپورٹس کے مطابق موٹے ، کولیسٹرول یا ہائی بلڈپریشر میں مبتلا افراد ہی اپنے جی پی کے ذریعے 12 ہفتے کے ویٹ مینجمنٹ پروگرام کا انگلینڈ میں حصہ بن سکتے تھے لیکن اب فارماسسٹ بھی لوگوں کو اس پروگرام کا حصہ بنا سکیں گے ۔

اس مقصد کے لیےموٹے افراد کو ورزش کے علاوہ ڈائٹ پلان بھی دیا جاتا ہے ۔ بعض افراد ’’ایپ‘‘ کے ذریعے بھی ٹریننگ اور سپورٹ حاصل کر سکیں گے۔ 

ایسے افراد جن کا باڈی انڈیکس (بی ایم آئی) 30 سے زیادہ ہوگا وہ اس پروگرام کا حصہ بن سکیں گے جب کہ ایشیائی، سیاہ فام اور دیگر نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد جن کے ٹائپ ٹو ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے وہ بی ایم آئی 27.5پر بھی اس پروگرام میں شمولیت اختیار کر سکیں گے۔

 برطانیہ میں ہر پانچ میں سے تین افراد کا وزن زائد ہے جب کہ ہر چار میں سے ایک شخص موٹاپے کا شکار ہے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کے ڈپٹی فارماسیوٹیکل آفیسر ڈاکٹر بروس وارنر نے کہا کہ موٹاپا قوم کی صحت کیلئے خطرہ ہے جو کوویڈ میں مبتلا ہونے کی صورت میں مرنے کے امکانات کو بڑھاتا ہے اور دیگر خطرناک بیماریوں فالج، کینسر وغیرہ کا خطرہ بھی بڑھا دیتا ہے۔