سعودی عرب سے آئی خاتون 4 بچوں سمیت لاپتہ، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

سعودی عرب سے آئی خاتون 4 بچوں سمیت لاپتہ، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

گوجرانوالہ: سعودی عرب سے آئی خاتون سائرہ 2 بیٹیوں اور 2 بیٹوں سمیت لاپتہ ہو گئی جس پر خاتون کے شوہر کی مدعیت میں ایک مشکوک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر سرائے عالمگیر کے نواحی علاقے فاروق ٹاؤن کی رہائشی خاتون اپنے 4 بچوں سمیت تین ہفتے قبل سعودی عرب سے آئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سائرہ نامی خاتون اور اس کے بچے گھر سے کار پر شاپنگ کیلئے گئے تھے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آ گئی ہے۔ 
پولیس کے مطابق فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون سائرہ، 14 سالہ ابراہیم، 13 سالہ وردہ، 9 سالہ نرمین اور 6 سالہ محمد ارحم گھر سے نکلے تاہم راستے میں پراسرار طور پر تمام افراد لاپتہ ہوگئے جنہیں ممکنہ طورپر اغواءکیا گیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے بچوں کے ساتھ گزشتہ روز واپس سعودی عرب جانا تھا۔ 
پولیس نے بچوں کے والد کی مدعیت میں ایک مشکوک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اوورسیز فیملی کے لاپتہ ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی اوگوجرانوالہ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خاتون اوراس کے چار بچوں کو فوری بازیاب کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔