نواز شریف کی طبعیت ناساز، ڈاکٹرز کی ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش

نواز شریف کی طبعیت ناساز، ڈاکٹرز کی ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش
کیپشن: نواز شریف کے خون میں یوریا کی مقدار حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے، ڈاکٹرز۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خون میں یوریا کی مقدار حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور اس طرح ان کے گردے فیل ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد نواز شریف کو فوری اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی حالت میں نوازشریف کو اسپتال منتقل کر کے آئی وی فلوئیڈز دیے جائیں جب کہ ان کے دل کی دھڑکن  ناہموار ہے اور بلڈ پریشر بھی نارمل نہیں۔

مزیدپڑھیں: شیخ رشید نے این اے 60 میں انتخابات ملتوی ہونے پر تحفظات کا اظہار کردیا

ڈاکٹرز نے بتایا کہ نوازشریف کی شوگر بھی زیادہ ہورہی ہے، جس سے دل کی دھڑکن کنٹرول میں نہیں رہتی۔ نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے کی بنیادی وجہ باقاعدگی سے پانی نہ پینا اور پسینے کا زیادہ آنا ہے۔

میڈیکل بورڈ نے ہیلتھ سیکریٹری پنجاب کو ایمرجنسی سے مطلع کر دیا ہے کہ نواز شریف کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے اگر نواز شریف کو اسپتال منتقل نہ کیا گیا تو کسی بھی وقت ان کے گردے کام کرنا چھوڑ سکتے ہیں کیوں کہ جیل کے اسپتال کے اندر سہولیات میسر نہیں کہ نواز شریف کو آئی وی فلوئیڈز دیا جا سکے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست موصول ہونے پر فوری بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے آئی جی جیل خانہ جات کو فوری میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے۔

ادھر نگران وزیرِاعلی پنجاب حسن عسکری نے معاملے کے جائزہ کے لئے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق درخواست زیرِ غور لائی جائیگی۔ اجلاس میں فوری طور پر سیکرٹری داخلہ پنجاب اور صوبائی وزیر کو طلب کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان عوامی پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملہ، 20 افراد زخمی

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 10 سال ، مریم نواز کو 7 اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں