شیخ رشید نے این اے 60 کے انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹی فکیشن چیلنج کر دیا

10:36 AM, 23 Jul, 2018

راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی گرفتاری کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 60 کے انتخابات ملتوی کیے جانے کا نوٹی فکیشن شیخ رشید نے ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے ۔

این اے 60 سے امیدوار شیخ رشید نے سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا کہ امیدوار کو سزا ہونے پر الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا۔  درخواست میں کہا گیا ہے کہ کسی امیدوار کو عدالت سے سزا ہونے کا خمیازہ ووٹرز کیوں بُھگتیں۔

 

مزید پڑھیں: نواز شریف کی طبعیت ناساز، ڈاکٹرز کی ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش

درخواست میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے حلقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہیں سزا ہونے پر ان کے حلقوں کا الیکشن ملتوی نہیں ہوا تو حنیف عباسی کے حلقے کا الیکشن کیوں ملتوی کیا گیا۔ شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔

 

یاد رہے کہ راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 سے حنیف عباسی اور شیخ رشید مدمقابل تھے تاہم ایفیڈرین کیس میں عدالت نے حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز حلقے میں انتخاب مؤخر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

 

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

 

مزیدخبریں