نواز شریف کی طبیعت ناساز، پمز کی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی

نواز شریف کی طبیعت ناساز، پمز کی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی
کیپشن: نواز شریف کو سیل سے نکال کر جیل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ناساز طبیعت کے باعث پمز کی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی معائنے کے لیے سیل سے نکال کر جیل اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے علاج کے لیے میڈیکل ٹیم جدید موبائل لیبارٹری بھی ہمراہ لے کر آئی ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات کی درخواست پر نواز شریف کے علاج کے لیے 5 رکنی میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا۔

مزید پڑھیں: عام انتخابات 2018، ملک بھر میں جاری انتخابی مہم کا آج آخری روز

دستاویزات کے مطابق نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے انچارج ڈاکٹر اعجاز قدیر ہیں جب کہ ڈاکٹر شجیع صدیقی، ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر سہیل تنویر اور ڈاکٹر مشہود بھی میڈیکل بورڈ کے ممبرز ہیں۔

اس سے قبل آئی جی جیل خانہ جات نے سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق جائزے کے لیے پمز سے میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست کی تھی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلے کے لیے آج مزید مشاورت ہوگی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نواز شریف، مریم اور صفدر کے گھر کو سب جیل قرار دینے کیلئے درخواست دائر

یاد رہے کہ 6 جولائی کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں