شہباز شریف کا نواز شریف کی گرتی صحت پر تشویش کا اظہار

شہباز شریف کا نواز شریف کی گرتی صحت پر تشویش کا اظہار
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے نواز شریف کی گرتی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے مطالبے کے باوجود جیل انتظامیہ نے سابق وزیراعظم کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا، طبیعت خرابی پر مجھ سمیت خاندان کے کسی فرد کو کیوں آگاہ نہیں کیا گیا؟

شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ (ن) لیگ کے قائد نواز شریف کی جیل میں علالت پر سخت تشویش ہے، مطالبے کے باوجود جیل انتظامیہ نے سابق وزیراعظم کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا، ان کی طبیعت خرابی پر مجھ سمیت خاندان کے کسی فرد کو کیوں آگاہ نہیں کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ میں نے نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے نواز شریف کے ذاتی معالج کی رسائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن نگران حکومت نے میرے مطالبے کو نظر انداز کردیا۔

صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو دل کی شدید تکلیف ہے، انہیں علاج کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم کو ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال منتقلی کی اپیل کرتا ہوں۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی قوم کو سخت تشویش ہے۔ جیل انتظامیہ نے نواز شریف کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو خط بھی لکھا تھا جس میں نواز شریف کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔