این اے 60 پر انتخابات ملتوی کرنے کےخلاف شیخ رشید کی درخواست خارج

این اے 60 پر انتخابات ملتوی کرنے کےخلاف شیخ رشید کی درخواست خارج
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 (راولپنڈی) کے انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی درخواست خارج کردی۔

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جسٹس مجاہد مستقیم نے شیخ رشید احمد کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا ، ہائی کورٹ نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید کی درخواست خارج کردی اور حلقہ این اے 60 میں انتخابات ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن برقرار رکھا۔

یہ بھی پڑھیئے:عام انتخابات2018 : پنجاب کے اہم حلقے کون سے ہیں؟
 
 شیخ رشید احمد کی جانب سے سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی، جس میں الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا گیا، تاہم این اے 60 سے امیدوار راشد گردیزی اور الیکشن کمیشن کے وکلاء نے شیخ رشید کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو لاکھوں ووٹ پڑ جاتے ہیں تو وہ ووٹ کس مد میں جائیں گے ، اس پر فاضل جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی میں کتنا وقت لگے گا؟ جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چھپائی میں اچھا خاصا وقت لگے گا،7 لاکھ سے زائد ووٹرز ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:طاہرہ صفدر بلوچستان ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد
 
 
جس پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا اس بارے میں آپ نے الیکشن کمیشن سے کوئی ہدایات لی ہیں یا اپنی طرف سے یہ کہ رہے ہیں، اس پر وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ میں تمام معلومات الیکشن کمیشن سے لے کر پیش ہوا ہوں، بیلٹ پیپرز کی چھپائی آسان کام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے 5رکنی کمیشن نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے الیکشن ملتوی کیا، الیکشن کمیشن کا کام صاف اور شفاف الیکشن کروانا ہے ، بعد ازاں عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔