نواز شریف کی جیل میں بیماری کی اصل وجہ گھر کا کھانا؟

نواز شریف کی جیل میں بیماری کی اصل وجہ گھر کا کھانا؟
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

لاہور: آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو باسی کھانا فراہم کرنے کی عجیب منطق پیش کردی۔ آئی جی جیل شاہد سلیم کا کہنا ہے کہ نواز شریف کیلئے گھر کا کھانا 3 گھنٹے لیٹ جیل پہنچنے پر خراب ہوتا ہے، صفدر اور مریم نواز ٹھیک ہیں تو نواز شریف کیسے بیمار ہوگئے؟

آئی جی جیل شاہد سلیم نے کہا ہے کہ نواز شریف کیلئے جیل میں گھر کا کھانا تاخیر سے پہنچتا ہے۔ نواز شریف کیلئے گھر کا کھانا 3 گھنٹے تاخیر سے جیل پہنچتا ہے جس کے باعث کھانا خراب تو ہونا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ آئی جی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ابھی ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ جب فیصلہ ہوگا تو انہیں ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ دنوں انہیں جیل میں باسی کھانا فراہم کرنے اور واش روم سمیت دیگر بہتر سہولیات نہ دینے کی شکایت بھی کی تھی۔ جس پر مسلم لیگ ن نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ دوسری جانب ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جیل میں سہولتوں سے محروم رکھنے پر ان کی حالت تشویشناک ہوئی، نواز شریف کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی قوم کو سخت تشویش ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی قوم کو سخت تشویش ہے، جیل انتظامیہ نے نواز شریف کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہوئی ہے۔