یوٹیوب فیس بک کی بالادستی کے لیے خطرہ؟

یوٹیوب فیس بک کی بالادستی کے لیے خطرہ؟
کیپشن: image by facebook

لاس اینجلس :اس وقت فیس بک دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ یا اپلیکشن ہے، جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2 ارب 20 کروڑ سے زائد ہے مگر لگتا ہے کہ بہت جلد یہ اعزاز اس سے گوگل کی ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب چھین سکتی ہے۔

جی ہاں یوٹیوب کے ماہانہ صارفین کی تعداد 1 ارب 90 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ٹی وی سکرین پر روزانہ اس سائٹ کی ویڈیوز دیکھنے کا وقت 18 کروڑ گھنٹے تک پہنچ چکی ہے۔

مزید پڑھیئے:سکائپ میں کال ریکارڈنگ کا نیا فیچر متعارف
 
 
یوٹیوب کی سی ای او سوزن وجوسکی نے ایک بلاگ پوسٹ میں ان اعداد وشمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ویڈیوز دیکھنے کے لیے ٹیلی ویژن بھی اہم ذریعہ بن چکے ہیں۔

اسی طرح صارفین کی جانب سے لائیکس، کمنٹس اور چیٹ وغیرہ میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ، لائیو اسٹریمنگ گزشتہ 3 برسوں کے دوران 10 گنا بڑھ چکی ہے اور 6 کروڑ سے زائد صارفین کمیونٹی ٹیب پوسٹس پر کلک یا انگیج ہیں۔

کمپنی نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ سٹوریز کو 10 ہزار سے زائد سبسکرائبرز تک توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ ایک نیا کاپی رائٹ میچ ٹول بھی متعارف کرایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیئے:پاکستان کے خلا میں بھیجے گئے سیٹلائٹس نے کامیابی سے کام کا آغاز کردیا
 
 
کمپنی نے کہا کہ صارفین کے اندر سکرین کے زیادہ استعمال کو محدود کرنے کے لیے بھی فیچرز پر کام کیا جارہا ہے،اسی طرح یوٹیوب اسٹوڈیو کے نئے ڈیش بورڈ کو بھی آئندہ چند ہفتوں کے دوران پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ فیس بک کے بعد مقبولیت کے لحاظ سے پہلے واٹس ایپ کو دوسرے نمبر پر سمجھا جاتا تھا جس کے صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب سے زائد ہے  تاہم اب یوٹیوب نے یہ اعزاز حاصل کرلیا ہے اور یہ ویب سائٹ فیس بک کی بالادستی کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہے۔