سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 26 جولائی کو کھیلا جائے گا

سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 26 جولائی کو کھیلا جائے گا

کولمبو :سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 جولائی کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

میچ کی اہم بات یہ ہے کہ سری لنکن مایہ ناز فاسٹ باﺅلر لیستھ مالنگا کا الوادعی میچ ہوگا اس کے ساتھ ہی وہ ریٹائر ہوجائیں گے۔ 35 سالہ فاسٹ باﺅلر اب تک 225 ایک روزہ میچز کی 118 اننگز میں 6.75 کی اوسط سے 335 ون ڈے انٹرنیشنل وکٹیں لے کر ملک کے تیسرے کامیاب ترین باﺅلر ہیں۔ مرلی دھرن 523 اور چمندا واس 399 وکٹوں کے ساتھ ان سے آگے ہیں۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 28 جولائی کو کولمبو میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 31 جولائی کو اسی مقام کولمبو میں ہی کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی قیادت قائم مقام کپتان تمیم اقبال کرینگے۔

بنگال ٹائیگرز کو سٹار آل راﺅنڈر شکیب الحسن، لٹن داس، ریگولر کپتان مشرفی مرتضیٰ اور محمد سیف الدین کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، چاروں کھلاڑی انجری مسائل سے دوچار ہیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے قائم مقام کپتان تمیم اقبال نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز چیلنجنگ ہو گی۔ ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے پاس سیریز میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے۔ امید ہے کہ وہ بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلوانے میں کردار ادا کریں گے۔

تمیم اقبال نے کہا کہ سری لنکا ہوم گراﺅنڈ پر ہمیشہ خطرناک حریف ثابت ہوئی ہے اسلئے ٹیم کیلئے یہ سیریز چیلنجنگ ہو گی۔ سیریز میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔ ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں نے اگر پوری ذمہ داری لی تو یہ نہ صرف ٹیم بلکہ ان کیلئے بھی فائدہ مند ہو گا۔ ادھر میزبان ٹیم کے کپتان نے بھی سیریز میں کامیابی کےلئے بیانات دیئے ہیں اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز سخت اور کانٹے دار ہوگی۔