عیدالاضحی کے چاند کا فیصلہ ہوگیا پر بحث کا سلسلہ نہ تھم سکا

عیدالاضحی کے چاند کا فیصلہ ہوگیا پر بحث کا سلسلہ نہ تھم سکا

اسلام آباد:عیدالاضحی یکم اگست کو منانے کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی نے گزشتہ روز سنادیا لیکن چاند کی رویت پر بحث اب بھی جاری ہے۔عید قربان کے چاند کے حوالے سے فیصلہ گزشتہ روز ہوگیا لیکن چاند پر بحث کا سلسلہ آج تک نہ تھم سکا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک تصویر شیئر کی اور استفسار کیا کہ کیا یہ پہلی کا چاند ہے؟ کیا سورج کے غروب ہونے کے بعد اتنی دیر چاند سر آسماں رہتا ہے؟ عوام خود فیصلہ کر لیں۔اس سے قبل فواد چوہدری ایک دن بعد بھی اپنی گزشتہ روز کی رائے پر قائم رہے اور کہا کہ کل چاند آسمان پر موجود تھا، بادلوں کی اوٹ میں نظر نہیں آیا۔

فواد چوہدری نے استفسار کیا کہ پرانی ٹیکنالوجی سے چاند دیکھنا حلال ہے تو نئی سے حرام کیوں ہے؟۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیکنالوجی استعمال ہی نہیں کرنی تو عینک بھی استعمال نہ کریں۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے چاند کی رویت کےلئے رویت ہلال کمیٹی میں تبدیلی کی تجویز بھی دے دی۔

دوسری طرف چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے فواد چوہدری اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان تنازع ختم کرنے کی تجویز دے دی۔انہوں نے کہاکہ رویت کے بغیر چاند کا اعلان نہیں کیا جاسکتا، ٹیکنالوجی اور رویت ہلال کمیٹی دونوں کو ہی ساتھ لے کر آگے بڑھاجائے۔