سستے گھروں کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے، وزیراعظم

سستے گھروں کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے، وزیراعظم
کیپشن: سستے گھروں کے منصوبے میں تیزی آنے والی ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ملک کی غریب عوام کیلئے سستے گھروں کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور بینک حکام بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے وزیراعظم کو سستے گھروں کے لئے قرضوں کے معاملے پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سستے گھروں کے منصوبے میں تیزی آنے والی ہے اس کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سستے گھروں کے منصوبے سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے جبکہ پاکستان کی اکانومی دوبارہ مستحکم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سستے گھروں کے تعمیراتی کام سے 17 صنعتیں فوری بحال ہو جائیں گی۔

دوران اجلاس وزیراعظم کو بینکوں نے ہاؤسنگ قرضوں کا پلان پیش کیا اور بتایا کہ سرمایہ کاری بڑھنے سے کاروبار کے مواقع بڑھیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے دوران نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کیلئے 33 ارب روپے سبسڈی کی منظوری دیدی گئی تھی۔