صوبہ ہنان میں تباہ کن سیلاب، پاکستان کی جانب سے مدد کی پیشکش، چین کا اظہار تشکر

Catastrophic floods in Hunan province, Pakistan offers help, China expresses gratitude
کیپشن: فائل فوٹو

بیجنگ: چین نے صوبہ ہنان میں تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کی جانب سے مدد اور دیکھ بھال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار اور حقیقی دوست ہیں، دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژائو لی جیانگ نے معمول کی بریفنگ کے دوران کے کہا کہ چین کے صوبہ ہنان میں سیلاب متاثرین کیلئے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دکھ،افسوس اور مدد کے جذبات کے اظہار پر شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار اور حقیقی دوست ہیں جو ہمیشہ مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔چین سفارتی تعلقات کے 70 سال رواں سال مکمل ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اس موقع کو ہمارے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کیلئے بین الاقوامی تعلقات اور کمیونٹی کو نئی جہت دینے کیلئے پوری قوت کے ساتھ تیار ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے ٹویٹ کے مطابق پاکستانی حکومت اور عوام نے چین کے صوبہ ہنان میں شدید بارشوں اور طوفان سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور مشکل کی گھڑی میں چینی بہنوں اور بھائیوں کو مدد کی پیشکش کی۔

مقامی ایمرجنسی مینجمنٹ بیورو کے مطابق چین کے صوبہ ہنان میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 33 ہو گئی ہے جبکہ 8 افراد لاپتہ ہیں۔ 16 جولائی سے اب تک صوبہ میں شدید بارشوں سے 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔