شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی

شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

راولپنڈی: لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی شاہراہ قراقرم کو ایف ڈبلیو او کی انتھک محنت کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قراقرم ہائی وے کھولنے کیلئے ایف ڈبلیو او نے دن رات انتھک محنت اور جانفشانی سے کام کیا۔
قراقرم ہائی وے 20 جولائی کو گلگت بلتستان میں بارشوں کی وجہ سے تتہ پانی اور رائے کوٹ کے درمیان 20 مقامات پر بند ہوئی تھی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خراب موسم اور مشکل حالات کے باوجود ایف ڈبلیو اوکی ٹیموں نے دن رات کام کر کے سڑک کھولی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف ڈبلیو او کی انتھک محنت کی وجہ سے بند ہوئے تمام راستے کھول دیئے گئے ہیں، اب قراقرم ہائی وے پر ہر قسم کا ٹریفک جا سکتا ہے۔