شوہر کی گرفتاری پر شلپا شیٹھی کا پہلا بیان

شوہر کی گرفتاری پر شلپا شیٹھی کا پہلا بیان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

نئی دہلی: بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی نے اپنے شوہر راج کندرا کی گرفتاری کے بعد خود کو پیش آنے والی مشکلات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غصے میں پیچھے اور خوف میں آگے کی جانب مت دیکھو بلکہ بیدار رہو اور اپنے اردگرد نظر رکھو۔ 
تفصیلات کے مطابق ممبئی پولیس کی کرائم برانچ سیل کی جانب سے غیر اخلاقی فلمیں بنانے کے الزام میں اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو گزشتہ دنوں گرفتار کر لیا گیا تھا، پولیس کے مطابق راج کندرا کے خلاف غیر اخلاقی فلم بنانے کا کیس رواں برس فروری میں درج ہوا تھا اور وہ اس کیس کے کلیدی کردار بھی ہیں جبکہ راج کندرا کے خلاف واضح ثبوت بھی موجود ہیں۔
اس ساری صورتحال کے دوران شلپا شیٹی خاموش اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ غیر متحرک تھے لیکن اب ان کی جانب سے انسٹا گرام پر ایک سٹوری شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے آنے والے دنوں میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق ’جیمز تھربر‘ کا ایک قو ل شیئر کیا۔
شلپا شیٹی کی جانب سے انگریزی میں شیئر کئے گئے نوٹ میں کہنا ہے کہ ’غصے میں پیچھے اور خوف میں آگے کی جانب مت دیکھو بلکہ بیدار رہو اور اپنے ارد گرد نظر رکھو۔‘ شلپا شیٹھی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ’جن لوگوں نے ہمیں تکلیف پہنچائی ہوتی ہے ہم غصے میں ان لوگوں کو ماضی میں دیکھتے ہیں، ہم مایوس ہوتے ہیں اور اسے محسوس کرتے ہیں، خود کو بد قسمت سمجھتے ہیں کہ ہم نے یہ صورتحال برداشت کی، ہم خوف میں آگے کی جانب دیکھتے ہیں کبھی ہم اپنے فرائض نہ کھو بیٹھیں، کسی بیماری سے دو چار نہ ہو جائیں یا کسی اپنے پیاری کی موت کا سامنا نہ کرنا پڑ جائے، وقت کی ضرورت ہے کہ ہم حال میں جئیں اور حال سے متعلق سوچیں، اس کی فکر نہ کریں کہ کیا ہوا یا آگے کیا کیا ہوسکتا ہے مگر حالات حاضرہ سے مکمل طور پر واقف رہیں۔‘
شلپا شیٹی کی جانب سے شیئر کئے گئے قول میں مزید لکھا گیا کہ ’گہری سانس لیں اور خود کو خوش قسمت محسوس کریں کہ آپ زندہ ہیں، سوچیں کہ آپ ماضی کی مشکلات سے بچے رہے ہیں اور مستقبل کی مشکلات سے بھی بچے رہیں گے، آپ کو اپنی زندگی گزارنے کیلئے کسی چیز سے غافل ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ راج کندرا کی 2012ءکی کچھ ٹویٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ اداکار کرکٹ کھیل رہے ہیں، کرکٹرز سیاست کر رہے ہیں، سیاستدان فحاشی دیکھ رہے ہیں اور فحش سٹار اداکار بن رہے ہیں۔ 45 سالہ راج کندرا سمیت دیگر 11 لوگوں کو فحش فلمیں بنانے اور پھر موبائل ایپس پر پھیلانے کے سبب گزشتہ دنوں گرفتار کیا گیا ہے، بھارتی پولیس کے مطابق راج کندرا کم سے کم دو برس سے فحش فلموں کا کام کر رہے تھے۔