پاک چین دوستی انشاء اللہ آنیوالے وقتوں میں اپنا رنگ دکھائے گی: وزیر خارجہ

Pak-China friendship will show its color in the times to come, God willing: Foreign Minister
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی، جو اپنی ساتویں دہائی میں داخل ہو چکی ہے وہ انشاء اللہ آنیوالے وقتوں میں اپنا رنگ دکھائے گی۔

وزیر خارجہ نے یہ بات چین روانگی سے قبل اپنے ایک اہم ویڈیو پیغام میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آج چین کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہا ہوں، جہاں میری چین کے وزیر خارجہ، اسٹیٹ قونصلر وانگ ژی کے ساتھ ملاقات ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سیکرٹری خارجہ اور دیگر سینئر افسران میرے ہمراہ دورہ چین کیلئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کا از سر نو جائزہ لینا ہے۔ اس ملاقات میں دو طرفہ سٹریٹیجک ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔ ہمیں افغانستان اور علاقائی صورتحال پر ایک دوسرے کے تاثرات جاننے کا موقع ملے گا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سی پیک پراجیکٹس پر اب تک ہونیوالی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر ہماری تفصیلی نشست ہو گی۔ انشاء اللہ اس دورے سے ہمارے دو طرفہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔