چوہدری شجاعت بیمار اور ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے: فواد چوہدری

چوہدری شجاعت بیمار اور ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے: فواد چوہدری

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے طاقتور قوتوں سے کہتا ہوں کہ پاکستان کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں، چوہدری شجاعت بیمار ہیں اور ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے جبکہ ان سے کاغذ پر انگوٹھا لگوایا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جبکہ ملک کے سینئر قانون دان اس بات پر متفق ہیں کہ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ آئین کے خلاف ہے، میرا خیال ہے سپریم کورٹ کو ڈپٹی سپیکر کو توہین عدالت میں طلب کرنا چاہئے۔ 
فواد چوہدری نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر نے کل ہماری اخلاقیات کا جنازہ نکال کر آئین کو ملیا میٹ کر دیا، حمزہ شہباز منتخب وزیراعلیٰ پنجاب نہیں ہیں اس لئے انصاف کیلئے سپریم کورٹ آئے ہیں اور ہمیں توقع ہے سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گی لیکن اگر انصاف نہ ملا تو لوگ اپنا راستہ خود نکالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کہتے ہیں عمران خان کا امیدوار نہیں چاہئے، چوہدری شجاعت بیمار ہیں اور ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے جبکہ چوہدری شجاعت سے کاغذ پر انگوٹھا لگوایا گیا، ہمارا کوئی پلان بی نہیں ہے لیکن اس نظام کے خلاف عوام میں غصہ اور مایوسی ہے۔ 
سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ یہ ملک زرداری سیاست کا حامل نہیں ہو سکتا، زرداری صاحب کو پنجاب سمیت پاکستان بھر میں نفرت کی نظرسے دیکھا جاتا ہے، عمران خان نہیں چاہتے کہ ان کو دوبارہ اقتدار دیا جائے لیکن وہ ملک میں شفاف الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں، طاقتور قوتوں سے کہتا ہوں کہ پاکستان کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں۔

مصنف کے بارے میں