قطر کے بڑے اداروں اور کمپنیوں میں عید کی تعطیلات منسوخ

قطر کے بڑے اداروں اور کمپنیوں میں عید کی تعطیلات منسوخ

دوحۃ : خلیجی ممالک کی طرف سے سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کے لیے قطری حکومت نےعید الفطر کے موقع پر مقامی اور غیرملکی ملازمین کی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔

خبر رساں ادارے’رائٹرز‘ کے مطابق ’قطر پٹرولیم‘ سمیت ملک کے کئی بڑےاداروں اور کمپنیوں میں کام کرنے والے مقامی اور غیرملکی ملازمین کی عید پر چھٹی نہیں دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر کے بڑے اداروں کی طرف سے بہت محدود تعداد میں ملازمین کو اس بار چھٹی دی گئی ہے۔ عید کی تعطیلات منسوخ کیے جانے کا جواز موجودہ بحران بتایا جاتا ہے جس کے تحت قطر کو معاشی مشکلات کا سامناکرنا پڑا ہے۔ اس بحران پرقابو پانے کے لیے قطری حکومت نے اہم اداروں کے ملازمین کو عید پر رخصت کی اجازت نہیں دی۔

قطر کے بڑےاداروں اور کمپنیوں میں کام کرنے والے غیرملکی شہریوں کو یہ توقع نہیں تھی کہ حکومت انہیں گھروں کو لوٹنے کی اجازت نہیں دے گی۔ عید سے چند روز قبل بڑی کمپنیوں کی طرف سے ملازمین کو یہ بُری خبرسنائی گئی کہ انہیں اس بار عید پر رخصت نہیں دی جاسکتی اور وہ سفر کےموقع پر دور دراز کا سفر نہیں کر سکتے۔

’رائٹرز‘ نے بعض غیرملکی شہریوں کےحوالے سے بتایا ہے کہ دوحہ میں ’حمد میڈیکل کمپلیکس‘ اور ’قطر پٹرولیم‘ سمیت کئی دوسرے اداروں کے ملازمین کی عید کے ایام میں چھٹی منسوخ کی گئی ہے۔ غیرملکی ملازمین کا کہنا ہے کہ دونوں سرکاری اداروں کے مدارالمہام نے تعطیلات کی منسوخی کی وجہ ظاہر نہیں کی تاہم چھٹیوں کی منسوخی کا سلسلہ اس وقت سے جاری ہے جب قطر اورخلیجی ممالک کے درمیان بحران پیدا ہوا ہے۔

قطری حکومت کے ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ملک کو درپیش موجودہ بحران کے دوران حکومت کو زیادہ سے زیادہ ملازمین کے ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ضرورت ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔