سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کا جواب مسترد کر دیا، 10 جولائی کو فرد جُرم عائد کی جائے گی

سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کا جواب مسترد کر دیا، 10 جولائی کو فرد جُرم عائد کی جائے گی

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے دھمکی آمیز تقریر کرنے کے معاملے پر نہال ہاشمی کی جانب سے جمع کروایا گیا جواب مسترد کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دھمکی آمیزتقریر پر جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ نہال ہاشمی کے وکیل حشمت حبیب کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی عمرہ پر جا چکے ہیں، سماعت ملتوی کی جائے جس پر جسٹس اعجاز افضل نے کہاکہ نہال ہاشمی کوعمرے پر جانے کے لیے عدالت سے اجازت لینی چاہئیے تھی۔ 

سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کا جواب مسترد کرتے ہوئے ان پر فرد جُرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ  عدالت جواب گزار کے رویے سے مطمئن نہیں ہے۔ نہال ہاشمی پر 10 جولائی کو فرد جُرم عائد کی جائے گی۔ عدالت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نہال ہاشمی کو صرف آج کی حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ۔

نہال ہاشمی کو استثنیٰ انصاف کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے دیا گیا۔ یاد رہے کہ نہال ہاشمی نے اداروں کے خلاف دھمکی آمیز تقریر کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے کر نہال ہاشمی سے جواب طلب کر رکھا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.