پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ

پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ

اسلام آباد: پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی رپورٹ میں قومی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں جولائی تا مئی 17-2016 کے دوران سمندری خوراک کی قومی برآمدات 39 کروڑ 49 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سمندری خوراک کی برآمدات کا حجم 30 کروڑ 52 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی گیارہ مہینوں میں سمندری خوراک کی قومی برآمدات میں 59 کروڑ 42 لاکھ ڈالر یعنی 19.45 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزن کے حساب سے سمندری خوراک کی برآمدات میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران ایک لاکھ 40 ہزار747 میٹرک ٹن برآمدات کی گئیں جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات ایک لاکھ 99 ہزار 688 میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں۔

اس طرح رواں مالی سال میں 58 ہزار 941 میٹرک ٹن یعنی 18 فیصد زائد برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ پی بی ایس کے مطابق مئی 2017 کے دوران سمندری خوراک کی برآمدات میں 38 فیصد کا اضافہ ہوا اور مئی 2016 کی 34 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 47 کروڑ 98 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں مدد کے ساتھ شعبہ کی کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں