افغانستان کے پارلیمانی انتخابات اگلے سال جولائی میں ہوں گے

افغانستان کے پارلیمانی انتخابات اگلے سال جولائی میں ہوں گے

کابل: افغانستان کے پارلیمانی انتخابات آئندہ سال جولائی میں ہوں گے۔افغانستان نے تین سال سے التوا کے شکار پارلیمانی اور ضلع کونسلوں کے انتخابات آئندہ سال جولائی میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ملک کے آزاد الیکشن کمشن کے مطابق انتخابات 7 جولائی 2018 کو ہوں گے۔

ذرائع ابلاغ نے جمعہ کو الیکشن کمشن کے چیئر مین نجیب اللہ احمد زئی کے حالہ سے بتایا کہ انتخابات کی کامیابی کا انحصار مناسب فنڈنگ اور سیکیورٹی پر ہے۔ 2014 میں صدارتی انتخابات پر تنازع اور پھر اتحادی حکومت کے قیام کے بعد سے، جس کے صدر اشرف غنی اور چیف ایکزیکٹو عبداللہ عبداللہ ہیں، پارلیمانی اور ضلع کونسل کے انتخابات مسلسل اختلافات کا شکار رہے ہیں۔

اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے کیمپوں کے درمیان ووٹروں کی رجسٹریشن، انتخابی دھوکہ دہی اور سیکیورٹی کے معاملات پر عدم اتفاق رہا ہے۔کابل میں امریکی سفارت خانہ اور اقوام متحدہ دونوں نے نئی انتخابی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم کیاہے۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب سیاسی اور نسلی کشیدگیاں بڑھ رہی ہیں۔موجودہ پارلیمنٹ کی معیاد جون 2015 میں ختم ہو گئی تھی، لیکن سیکیورٹی کے مسائل اور شفاف انتخابات کرانے کے اٹھنے والے سوالات کے بعد صدر نے اپنے ایک فرمان کے ذریعے نئے انتخابات کے انعقاد تک پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع کر دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں