معصوم لوگوں کا خون بہانے والوں کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہو سکتا ،وزیراعلیٰ بلوچستان

معصوم لوگوں کا خون بہانے والوں کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہو سکتا ،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے آئی جی پولیس کے دفتر کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار اور دہشت گردی کے اس المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔جبکہ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ شہر میں حفاظتی اقدامات کو مذید موثر اور سخت بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیزکرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران بے گناہ معصوم لوگوں کا خون بہانے والوں کا کسی دین و مذہب اور قوم و قبیلے سے تعلق نہیں ہو سکتا اور نہ ہی وہ انسانیت کے زمرے میں آتے ہیں۔


وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ دوبارہ سے سر اٹھانے والے دہشت گردوں کو سختی سے کچل دیا جائے او ر ان کا آخری حد تک پیچھا کرتے ہوئے بچے کچے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار امن واستحکام کیلئے گراں قدر قربانیاں دے رہے ہیںاور آج کے بم دھماکے میں بھی سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو دہشت گردو ں کے خلاف جاری کاروائیوں کو مزید مربوط اور موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بے شک دہشت گرد تنظیمیں مسلح اور تربیت یافتہ ہیں تاہم ہم نے ان کا بھر پور مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرینگے اور ان کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔

انہوں نے شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر سکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ تاکہ دہشت گردوں کو شہر کے اندر داخل ہونے کا موقع نہ مل سکے۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کی دُعا کی ہے۔ جبکہ انہوں نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

نیوویب ڈیسک< News Source