سبسڈیز کے باوجود ایف بی آر ریونیو ٹارگٹ حاصل کرے گا، ہارون اختر خان

 سبسڈیز کے باوجود ایف بی آر ریونیو ٹارگٹ حاصل کرے گا، ہارون اختر خان

اسلام آباد:  وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان نے کہا کہ زراعت اور برآمدات کے شعبہ میں سبسڈیز اور دیگر ریلیف اقدامات کے باوجود ایف بی آر کا ریونیو ٹارگٹ حاصل ہونے کی قوی امید ہے، بجٹ میں ٹیکس تجاویز حقیقت پسندانہ اور حکومت کے سماجی و اقتصادی ایجنڈا کے لئے خلوص کی عکاس ہیں۔

وہ یہاں ایف بی آر ہاؤس میں سال 2017-18 کے لئے بجٹ سازی کے حوالے سے ہینڈ بک اور ڈاکیومینٹری کی تقریب اجراء سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایف بی آر کے لئے ریونیو وصولی کے حوالے سے مشکل رہا ہے تاہم اس سب کے باوجود ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل ہونے کے واضح اشارے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں کے لئے ریلیف اقدامات اور افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی کے باوجود گزشتہ چار سالوں کے دوران ریونیو میں 75 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ ہال ہی میں پاس ہونے والے فنانس بل میں شامل کی گئیں بجٹ تجاویز تمام شراکت داروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکس تجاویز حقیقت پسندانہ اور حکومت کے سماجی و اقتصادی ایجنڈا کے لئے خلوص کی عکاس ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد سے معلوماتی ڈاکومینٹری کی تیاری پر فیٹ ونگ کی ٹیم کو سراہا جس میں بجٹ سازی کے عمل میں ایف بی آر اور اس کے افسران کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ممبر ایڈمن ایف بی آر ماجد قریشی نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔

دریں اثناء میڈیا کے ساتھ غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ایف بی آر کی جانب سے جے آئی ٹی کو درکار ریکارڈ فراہم کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں تاخیر نہیں ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے ریکارڈ میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں کیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں