روسی افواج نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر نشانے تیز کر دیے

روسی افواج نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر نشانے تیز کر دیے

دمشق: روسی افواج نے شام میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

آج بروز جمعہ روسی وزارت دفاع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بحیرہ روم میں لنگر انداز ایک آبدوز اور جنگی طیاروں نے حَما صوبے کے عُقیربات نامی علاقے میں کروز میزائل داغے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو  تباہ کر دیا گیا۔ حملوں سے قبل روس نے اسرائیل اور ترکی کو اس کارروائی کے حوالے سے مطلع کر دیا تھا۔

کچھ دن قبل عراقی فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ داعش نے موصل میں تاریخی جامع مسجد النوری کو شہید کر دیا ہے۔ داعش کے جنگجووں نےمسجد النوری کے ڈھانچے اور مینار کی بنیادوں پر بارود نصب کر دیا اور پھر دھماکوں سے مسجد کی عمارت کو شہید کر دیا۔

عراقی فورسز نے گزشتہ ہفتے قدیم شہر میں داعش کے بچے کچھے جنگجووں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی لیکن داعش نے مسجد النوری پر قبضے سے قبل ہی اس کو شہید کر دیا۔ جون 2014 سے اس تاریخی مسجد پر داعش کا سیاہ پرچم لہرا رہا تھا اور اسی مسجد سے داعش کے خود ساختہ خلیفہ ابوبکر البغدادی نے اپنی حکومت کا اعلان کیا تھا۔

مصنف کے بارے میں