صرف چند گھنٹوں کیلئے ارب پتی بننے والی امریکی خاتون  

An American woman who became a billionaire in just a few hours
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک: امریکا میں انتہائی دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک غریب خاتون جولیا یونکووسکی صرف چند گھنٹوں کیلئے دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس امریکی خاتون کا تعلق ریاست فلوریڈا سے ہے۔ یہ خاتون جولیا یونکووسکی کچھ ڈالرز نکلوانے اے ٹی ایم مشین پر گئی، وہاں جا کر اس نے اپنا آن لائن بینک اکاؤنٹ چیک کیا تو اس کے یہ دیکھ کر ہوش اڑ گئے کہ اس پاس تقریباً ایک ارب ڈالرز کی رقم موجود ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جولیا یونکووسکی کے اکاؤنٹ میں 99 کروڑ 99 لاکھ 85 ہزار 855 ڈالرز سے زائد کی رقم موجود تھی۔

یہ دیکھ کر اس کے دل میں کچھ لمحے کیلئے لالچ پیدا ہوئی، اس نے سوچا شاید اس کی لاٹری نکل آئی ہے لیکن اسے فوری احساس ہوا کہ اس نے تو کبھی لاٹری کے مقابلے میں حصہ ہی نہیں لیا۔

بہت سوچ بچار کے بعد جولیا یونکووسکی نے فیصلہ کیا کہ اسے فوری طور پر اس سارے معاملے کے بارے میں بینک حکام کو آگاہ کرنا چاہیے تاکہ وہ اس سے منسلک پریشانی سے بچ سکے۔

میڈیا سے گفتگو میں امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ یہ سب میرے لئے بہت حیران کن تھا، اپنے اکاؤنٹ میں اتنی زیادہ تعداد میں رقم دیکھ کر میرے ہوش اڑ گئے تھے۔ حواس باختگی کے عالم میں مجھے کچھ سوجھ نہیں رہا تھا کہ میں کیا کروں؟

جولیا یونکووسکی کا کہنا تھا کہ میں نے اچانک سے امیر ہونے کے قصے اور کہانیاں تو سن رکھی تھیں لیکن ایسا میرے ساتھ سچ ہو جائے گا یہ میں نے کبھی بھی نہیں سوچا تھا۔

بالاخر خاتون نے اپنے اکاؤنٹ میں بھاری رقم کی موجودگی کے بارے میں فوری طور پر بینک حکام کو آگاہ کیا۔

ادھر بینک حکام کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ آن لائن ٹرانزیکشن کے دوران غلطی ہوئی ہے۔ خاتون کی بروقت اطلاع کے بعد اس کے اکاؤنٹ سے رقم نکال کر درست اکاؤنٹ میں منتقل کر دی گئی ہے۔