دیسی اور جعلی لبرل پردے سے متعلق وزیراعظم کے بیان کو غلط رنگ دیتے ہیں: شہباز گل

دیسی اور جعلی لبرل پردے سے متعلق وزیراعظم کے بیان کو غلط رنگ دیتے ہیں: شہباز گل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان پردے اور فحاشی کو روکنے کی بات کرتے ہیں، وہ ہرگز یہ نہیں کہتے کہ کپڑے کم یا زیادہ پہننے پر زیادتی کی ذمہ دار خاتون ہے، دیسی جعلی لبرل اس بیان کو غلط رنگ دیتے ہیں کہ ریپ کی ذمہ دارعورت ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ معاشرے میں مجموعی بہتری لانے اور ایسے واقعات سے نجات کیلئے حکومت اور سوسائٹی کو کردار ادا کرنا چاہیے، صرف عورت کے چہرے پر کپڑا پردہ نہیں بلکہ پردہ ہر چیز کا ہوتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پردے کی بات کرتے ہیں جس کا حکم اللہ تعالی نے دیا ہے، وزیراعظم ہرگزیہ نہیں کہتے کہ کپڑے کم یا زیادہ پہننے پر زیادتی کی ذمہ دار خاتون ہے، زیادتی کی شکار خاتون کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، نہ کہ اسے قصور وار ٹھہرانا چاہیے، صرف عورت کے چہرے پر پڑا کپڑا پردہ نہیں بلکہ پردہ ہر چیز کا ہوتا ہے۔
شہباز گل نے کہاکہ متاثرہ فرد مرد ہو، عورت ہو یا بچہ ہو، اسے ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا بلکہ اس کا ساتھ دیا جاتا ہے، میں خونی اور اس طرح کے لفظ نہیں کہتا، میں کسی کو جعلی کہہ سکتا ہوں، یہ مناسب لفظ ہے، میں کسی کو برا کہوں گا، نہ گالی دوں گا اور نہ کسی کیلئے شدت پسندانہ الفاظ استعمال کروں گا۔
شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ زیادتی کے واقعات کی وجوہات پر سٹڈی ہونی چاہئے اور زیادتی واقعات سے چھٹکارے کیلئے حکومت اورسوسائٹی کو کردار ادا کرنا چاہئے جبکہ اس حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے سے ہی مقاصد کا حصول ممکن ہو سکتا ہے۔