پرویز الٰہی اور آصف زرداری کی ایک ملاقات سے ہمارا اتحاد نہیں ٹوٹے گا: فردوس عاشق اعوان 

پرویز الٰہی اور آصف زرداری کی ایک ملاقات سے ہمارا اتحاد نہیں ٹوٹے گا: فردوس عاشق اعوان 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی اور آصف زرداری کی ایک ملاقات سے یہ اتحاد نہیں ٹوٹے گا، ہم ڈٹ کر، جم کر اور ساتھ مل کر مسلم لیگ (ن) کو ان کے سیاسی گڑھ میں شکست دیں گے۔ 
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی جماعت ہے جس نے ہر مشکل اور کٹھن وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے جبکہ ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے مسلم لیگ (ق) کیساتھ اتحاد آگے بڑھ رہا ہے۔ 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاستدان آپس میں ملتے رہتے ہیں، میل ملاپ سیاست کا حسن ہے لیکن ملاقاتوں کی خبروں کو بڑھا چڑھا کر چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا جاتا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور (ق) لیگ کا اتحاد کچے دھاگے سے نہیں بندھا، جو ٹوٹ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے رائے ونڈ میں تیتر بٹیر کھا کر جیالے کی تدفین کردی تھی، جیالوں نے متنفر ہو کر پی ٹی آئی کا رخ کیا اور اینٹی نواز شریف ووٹ یکجا کرکے پی ٹی آئی کو طاقت دی، آصف زرداری کا گٹھ جوڑ کر کے پنجاب میں جگہ بنانے کا خواب پورا نہیں ہوگا، تحریک انصاف اب پنجاب میں جگہ بنا چکی ہے، پیپلز پارٹی کا پنجاب میں اب کوئی سیاسی مستقبل نظر نہیں آرہا۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین وضع دار انسان ہیں، دوستوں کے ساتھ تعلقات نبھانے والا شخص ہے، جہانگیر ترین جماعت کے نظریہ کے ساتھ ہیں، کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے عدم استحکام ہو، جہانگیر ترین کو حکومت کے خلاف سازش کی بھنک بھی پڑی تو وہ حکومت کے ساتھ ہوں گے۔