عثمان کاکڑ کی موت پر سوال اٹھ رہے ہیں، تحقیقات ہونی چاہئیں: مریم نواز شریف

عثمان کاکڑ کی موت پر سوال اٹھ رہے ہیں، تحقیقات ہونی چاہئیں: مریم نواز شریف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عثمان کاکڑ کی موت پر اگر سوال اٹھ گئے ہیں تو پھر اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما عثمان کاکڑ کی موت پر اگر سوال اٹھ گئے ہیں تو تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مختلف اجلاسوں میں عثمان کاکڑ سے ملاقات ہوئی تو پتہ چلا کہ وہ بہت منجھے ہوئے انسان ہیں، اگر انہیں اس وجہ سے قتل کیا گیا کہ آواز دب جائے گی تو ایسا نہیں ہو گا، ایسے اقدامات سے آواز کو دبایا نہیں جا سکتا بلکہ اب مزید آوازیں اٹھیں گی۔
وزیراعظم عمران خان کے خواتین کے لباس کے حوالے سے بیان پر لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کا خواتین کے کپڑوں کو ریپ سے جوڑنا ان کی ذہنیت ہے، ان کے بیان سے درندہ صف لوگوں (بدفعلی کے مرتکب افراد) کو حوصلہ ملے گا، چھوٹے بچوں کے ساتھ جو ریپ کے واقعات ہوئے کیا وہ بھی ان کے لباس کی وجہ سے ہوئے۔