جوہر ٹاؤن دھماکا، مبینہ طور پر استعمال ہونیوالی گاڑی کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا

جوہر ٹاؤن دھماکا، مبینہ طور پر استعمال ہونیوالی گاڑی کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا
کیپشن: جوہر ٹاؤن دھماکا، مبینہ طور پر استعمال ہونیوالی گاڑی کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

لاہور: جوہر ٹاؤن کے علاقہ میں مبینہ طور پر دھماکے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کے مالک کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

جوہر ٹاؤن دھماکے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی سیاہ رنگ کی کرولا گاڑی ظفر اللہ خان نامی شہری کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ گاڑی کا نمبر LEB:9928 اور ماڈل 2010 ہے۔ گاڑی کا ٹوکن ٹیکس رواں سال تک ادا کیا گیا ہوا ہے۔ گاڑی جوہر ٹاون آنے سے پہلے کینال روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دیکھی گئی۔

گاڑی ممکنہ طور پر چوری کے بعد یہاں کھڑی کی گئی۔گاڑی جائے وقوعہ تک کیسے پہنچی اس حوالے سے سیف سٹی ٹیم نے گاڑی کی ٹریکنگ شروع کر دی ہے۔ گاڑی کا مالک حافظ آباد کا رہائشی ہے۔ 

خیال رہے کہ  لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے گھر کے قریب بم دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے چارکی حالت تشویشناک ہے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 30 کلو گرام سے زائد غیر ملکی ساختہ دھماکا خیز مواد اوربال بیئرنگ استعمال کیے گئے جبکہ دھماکا خیز مواد کار میں نصب تھا اور دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جوہر ٹاؤن میں ہونے والا بارودی مواد کا دھماکا ایک گھرکے باہرکھڑی گاڑی میں ہوا جس کے نتیجے میں کئی مکانات کو نقصان  پہنچا اور کئی راہ گیر بھی زخمی ہوئے جبکہ دھماکے سے زمین میں 4 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا اور پانی کے پائپ پھٹ گئے۔