آصف زرداری کی پنجاب میں اہم سیاسی شخصیت سے ملاقات 

Asif Ali Zardari in Lahore,PPP,Manzor Watto

لاہور :سابق صدر آصف علی زرداری کی پنجاب کی اہم سیاسی شخصیت سے ملاقات نے حکومتی حلقوں میں ہلچل مچا دی ،بلاول ہائوس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب منظور احمد وٹو نے آصف علی زرداری سے ملاقات کی ،دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر جہاں تبادلہ خیال کیا وہیں منظور وٹو نے آصف علی زرداری سے آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق تفصیلی بات چیت کی ،اس مو قع پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب منظور وٹو نے آصف زرداری سے ان کی صحت بھی دریافت کی ۔

آصف علی زرداری آج کل پنجاب کے اہم ترین دورہ پر بلاول ہائو س لاہور میں موجود ہیں ،جہاں وہ پنجاب کی بدلتی سیاسی صورتحال پر اہم سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ،مفاہمت کے بادشاہ کہلانے والے سابق صدر و پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری کی لاہور میں مختلف سیاسی شخصیات سے ملنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

آصف علی زرداری نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو متحرک کرنے کے لئے خود مورچہ سنبھا ل لیاہے ،زرداری نے مخدوم احمد محمود کو جنوبی پنجاب کے سیاسی رہنماؤں سے رابطے کی ہدایت کر دی،سابق صدر نے دیگر جماعتوں کے ناراض ارکان سے بھی رابطے کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ۔

دورہ لاہور میں سابق صدر آصف زرداری نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے بھی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ،دیگر ملاقاتوں میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی آصف زرداری سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔