مشکل فیصلے کر کے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا: مفتاح اسماعیل

مشکل فیصلے کر کے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا: مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بجٹ پیش میں صرف امیر پر ٹیکس لگایا گیا ہے تاکہ جھولی نہ پھیلانی پڑے، قیمتوں میں اضافے کے فیصلے آسان نہیں تھے، عمران خان کی حکومت پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر چھوڑ کر گئی مگر اب پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ غریب کیلئے ٹیکس ہوتا ہے مگر ہم امیروں سے ٹیکس لیں گے، ہم نے وزیراعظم کے بیٹوں کی کمپنیوں پر بھی ٹیکس لگایا ہے جبکہ خود میری کمپنی پر بھی مزید ٹیکس عائد ہو گا اور شوگر ملز پر بھی ٹیکس بڑھا رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور میں بہت زیادہ ٹیکسز لگائے گئے تھے اور جتنے بھی ٹیکس عائد کئے گئے اس سے غریب متاثر ہوا، عمران خان نے پونے چار سال کے عرصہ میں 80فیصد زیادہ قرض لیا اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر چھوڑ کر گے مگر اب پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے۔ 
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عمران خان جب مارچ کر رہے تھے تو حکمران بڑے بڑے فیصلے کررہے تھے، قیمتوں میں اضافے کے فیصلے آسان نہیں تھے لیکن حکومت نے بہت سی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی ہے اور جلد ہی گھی کی قیمتوں میں بھی کمی ہو جائے گی، ہم کل قومی اسمبلی میں تقریر کر کے بجٹ کلوز کر یں گے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان 120ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئے، حکومت چلانے سے دگنا خرچ پٹرول ڈیزل کی سبسڈی پر کیا گیا لیکن ہم نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، گزشتہ روز چین نے 2.3 ارب ڈالرز معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں اور ایک، دو دن کے اندر پیسے پاکستان منتقل ہو جائیں گے جبکہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سٹاک ایکسچینج میں اس وقت تیزی ہے اور ڈالر کی قیمت بھی نیچے آ رہی ہے، گزشتہ حکومت 4سال میں چینی کی قیمت کو کنٹرول نہ کرسکی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے آٹا اور گھی کی قیمتیں کم کیں، ملک کی معیشت بچانے کیلئے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے، حکومت کو مہنگائی کا اندازہ ہے،جلد حالات بہتر ہوں گے۔

مصنف کے بارے میں