اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب ختم ہو گئی

اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب ختم ہو گئی

اسلام آباد: ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مرکزی تقریب ختم ہو گئیہے۔ مرکزی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت دیگر سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔

سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہیں جب کہ متحدہ عرب امارات کی فوج کے دستے نے بھی تقریب میں پہلی مرتبہ شرکت کی۔

 

مشترکہ پریڈ میں پاکستان آرمی، نیوی، فضائیہ اور سول آرمڈ فورسز کے دستے شامل ہیں، بوائز اسکاؤٹ، گرلز گائیڈ کے دستے نے بھی مشترکہ پریڈ میں حصہ لیا جب کہ پولیس سروس کی نمائندگی اسلام آباد پولیس کے دستے نے کی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایف 16 پر سلامی پیش کی جب کہ اسپیشل سروسز گروپ، کوئن آف بیٹل فیلڈ انفنٹری، خواتین افسروں اور نرسنگ کور کے دستے نے بھی مشترکہ پریڈ میں سلامی پیش کی۔

 

صدر مملکت ممنون حسین کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی جس کے بعد انہوں نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔

تقریب میں تینوں مسلح افواج کے دستوں کا مارچ پاسٹ اور فضائیہ کا ایئر شو بھی ہوا۔ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی برآمد ہوئے۔

سیکیورٹی مقاصد کے تحت اسلام آباد میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

یوم پاکستان کے سلسلے میں ایوان صدر میں بھی خصوصی تقریب ہو گی جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔یوم پاکستان کے حوالے سے صوبائی دارالحکومتوں میں بھی خصوصی تقاریب ہوں گی۔ واضح رہے کہ 23 مارچ 1940 کو لاہور میں قرارداد مقاصد کے  ذریعے علیحدہ وطن پاکستان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں