'اللہ تعالی موجودہ آزمائش میں ہمیں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ و ہمت عطا فرمائے'

'اللہ تعالی موجودہ آزمائش میں ہمیں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ و ہمت عطا فرمائے'
کیپشن: تنازع کشمیر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، وزیراعظم عمران خان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور نظم و ضبط پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے، اس دن مسلمانوں نے ہندو اکثریت کے جبر سے چھٹکارے کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ کی قیادت میں مسلمانوں نے تہذیب و تمدن کے تحفظ کےلیے بے مثال جدوجہد کا آغاز کیا اور اس جدوجہد کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد مسلم ریاست معرض وجود میں آئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قیام پاکستان کی بدولت ہی مسلمانوں کو مذہبی آزادی اور ترقی کے مساوی حقوق میسر آئے اور آج کے حالات و واقعات ہمارے آباؤ اجداد کی سوچ کی وسعت و صداقت کی گواہی دیتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ آج کا دن علامہ اقبالؒ کے افکار اور بابائے قوم محمد علی جناح ؒ کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے، پاکستانی قوم کسی بھی مصیبت اور مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان پر ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط کی ضرورت ہے، پوری دنیا کو لپیٹ میں لینے والی آفت کا ہم نظم و ضبط کے ذریعے مقابلہ کر سکتے ہیں، ہم وطنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ خوف میں مبتلا نہ ہوں، حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ذاتی طور پر اس وبا سے مقابلہ کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں، ان شاء اللہ، ہم اس آزمائش میں کامیاب ہوں گے، اللہ تعالی موجودہ آزمائش میں ہمیں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ و ہمت عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام 231 دنوں سے اپنی ہی سرزمین پر مقید ہیں، کشمیری بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ تنازع کشمیر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔