ملک بھر میں یوم پاکستان آج سادگی سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں یوم پاکستان آج سادگی سے منایا جا رہا ہے
کیپشن: یوم پاکستان کے حوالے سے آج ملک بھر میں ہونے والی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اس بار ملک بھر میں یوم پاکستان کرونا خدشات کے سبب سادگی سے منایا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آج دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے کے نعرے لگائے گئے۔

  یوم پاکستان کے حوالے سے آج ملک بھر میں ہونے والی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں، اسلام آباد میں مرکزی تقریب اور مسلح افواج کی پریڈ بھی منعقد نہیں ہوئی تاہم دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور قونصلیٹ میں پرچم کشائی تقاریب اندورن خانہ منعقد کی جارہی ہیں جن میں سفارت کار اور اعلی افسران شریک ہیں۔

ایوان صدر میں قومی اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہونا تھی جس میں صدر عارف علوی نے مختلف میدانوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی شخصیات کو سول و فوجی اعزات سے نوازنا تھا تاہم اس تقریب کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو مسلمانان برصغیر کی جانب سے ایک آزاد ملک کے قیام کی قرارداد منظور کرنے کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کا خواب شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا اور جس پر عملدرآمد قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک پاکستان کے رہنماوں اور کارکنان نے کیا۔