کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں،فردوس عاشق

کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں،فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 23 مارچ تاریخ کا وہ روشن دن ہے جب مسلمانانِ برصغیر کو ایک واضح نصب العین ملا۔ کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں، عوام کا تحفظ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا 23مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا۔آج اسی جذبے کے تحت ہم نے یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں،عوام کا تحفظ ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا وبا پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو تقویت دینا ہے،وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بن کر ابھرے ہیں،پاکستان استصواب رائے کا حق ملنے تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والا ظلم قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے،سات ماہ سے زائد محصور بے گناہ کشمیری عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا مہذب دنیاکشمیریوں کوانکا جائز، قانونی اور جمہوری حق دلوائے،بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزاد وطن کے حصول کی بے مثال جدوجہد کی اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر لا کھڑا کیا،23 مارچ تاریخ کا وہ روشن دن ہے جب مسلمانانِ برصغیر کو ایک واضح نصب العین ملا،یہ اس دن کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانوں نے برطانوی سامراج اور ہندو تسلط سے خود کو آزاد کرانے کیلئے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔