کراچی میں کھانے کی ہوم ڈیلیوری پر پابندی لگا دی گئی

کراچی میں کھانے کی ہوم ڈیلیوری پر پابندی لگا دی گئی
کیپشن: پیٹرول پمپس پر کسی گاڑی میں 10 لیٹر سے زیادہ پیٹرول نہیں ڈالا جائے گا، کمشنر کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کمشنر کراچی نے کھانے کی ہوم ڈیلیوری اور پارسل پر بھی پابندی عائد کر دی جب کہ کسی گاڑی میں 10 لیٹر سے زائد پیٹرول ڈلوانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ کریانہ اسٹورز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی،  دکاندار سندھ حکومت کی مقررہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیاء خورونوش فروخت کریں۔

کمشنر کراچی کے مطابق کھانے کی ہوم ڈلیوری اور پارسل پر بھی پابندی عائد کر دی گئی جب کہ تمام ریسٹورنٹس کے کچن بھی بند رہیں گے۔ گھر کے صرف ایک فرد کو سودا سلف خریدنے کی اجازت ہو گی۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا کہ  بسیں، آن لائن ٹیکسی سروسز، بس سروس اور رکشے وغیرہ کو شاہراہوں پر گزرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ فارم ہاوسز اور گھروں میں تقریبات پر پابندی ہو گی جب کہ پیٹرول پمپس پر کسی گاڑی میں 10 لیٹر سے زیادہ پیٹرول نہیں ڈالا جائے گا۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹی فکیشن کے مطابق اشیائے خورونوش کی خریداری کے لیے شناختی کارڈ رکھنا لازمی ہوگا اور  میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جب کہ لازمی سروسز والے افراد کو پابندیوں میں نرمی ہوگی۔