جو بائیڈن سمیت کئی ممالک کی صدر عارف علوی کو یومِ پاکستان پر مبارکباد

امریکا سمیت دیگر ممالک کی صدر عارف علوی کو یومِ پاکستان پر مبارکباد

اسلام آباد: صدر عارف علوی کو امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے یومِ پاکستان پر مبارکباد ، جو بائیڈن نے صدر عارف علوی کے نام خط میں دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجز خصوصاً افغانستان میں قیامِ امن ، عالمی وبا اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے کیلئے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کی شراکت داری علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقصد پر مبنی ہے ، وہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل میں مزید مضبوط بنائیں گے ۔

آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کی یوم پاکستان پر صدر مملکت عارف علوی کو مبارکباد ، الہام علی یوف نے خط کے ذریعے پاکستانی قوم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ انھوں نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کی تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی جڑیں مشترک ہیں ، وہ پاکستان کیساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں ۔

پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر نے پاکستانیوں کو مبارکباد کیلئے اردو زبان میں ویڈیو پیغام جاری کیا ۔

23 مارچ کے موقع پر ترکی کا پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار ، انقرہ میں لینڈ مارک ٹاور کو پاک ترک پرچموں سے سجا دیا گیا ۔

خیال رہے کہ ترکی کے پاکستان کیساتھ بہترین تجارتی اور دفاعی تعلقات ہیں ، انقرہ نے اچھے اور برے حالات میں پاکستان کا ساتھ دے کر دوستی کا حق ادا کیا ہے ، سب سے بڑھ کر مسئلہ کشمیر پر ترک حکام نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے ۔

واضح رہے کہ یوم پاکستان آج ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے ، اس حوالے سے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔