پی ڈی ایم کا ہدف عمران خان اور نظام کی تبدیلی ہے :احسن اقبال 

Ahsan Iqbal BiG Statement about PDM Asif Zardari and Bilawal

لاہور :پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئررہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہےپاکستان میں اس وقت عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ،22 کروڑ عوام کے  ووٹ  کی عزت محفوظ نہیں،سب جانتے ہیں 2018 میں لوگوں نے ووٹ مسلم لیگ ن کو ڈالا لیکن نتیجہ کچھ اور ہی نکلا ،ووٹ کوبے توقیر کیا گیا جس کی وجہ سے ملک آج تقسیم کا شکار ہے ۔

لیگی رہنما احسن اقبال نے اپنے بیان میں کہا ملک تب ترقی کرے گا جب عوام کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا، پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے ، 22 کروڑ عوام کے  ووٹ  کی عزت محفوظ نہیں، بھارت بھی ووٹ کی طاقت سے پاکستان سے آگے نکل گیا،انہوں نے کہا ترقی کیلئے سیاسی استحکام کی بہت ضرورت ہوتی ہے،لیکن موجودہ حکومت نے ملک میں افرا تفری مچائی ہوئی ہے ،پی ڈی ایم کی جدو جہد عمران خان کیخلاف ہے ،ہمارا ہدف عمران خان ہے اور ہم چاہتے ہیں نظام میں تبدیلی آئے ۔

کشمیر ایشو پر گفتگو کرتے احسن اقبال کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے حکومت کی پالیسی ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے ، موجودہ حکومت نے کشمیر پلیٹ میں رکھ کر بھارت کو دے دیا ہے ،اب کہا جارہا ہے بھارت سے مسئلہ کشمیر پر بیٹھ کر بات کی جائے گی،اس کا مطلب ہے پاکستان نے بھارت کے مؤقف کو تسلیم کرلیا ہے۔

احسن اقبال نے پی ڈی ایم میں اختلاف سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ وہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی گفتگو پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ،مسلم لیگ ن آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے بیانات کا جواب نہیں دینگے ،انہوں نے کہا مسلم لیگ ن ذاتیات کی بیان بازی سے گریز کرے گی ،ہمارا ہدف کوئی ایک پارٹی نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی ہے ، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کےمطابق پاکستان میں کرپشن بڑھ رہی ہے ،ہم سب کرپشن کی مذمت کرتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے مزید کہا ریاست مدینہ کا تصور بہت اہم اور مقدس ہے،عمران خان ریاست مدینہ کی بات تو کرتے ہیں لیکن عملی طور پر ایسا کہیں کچھ نظر نہیں آرہا ،شوگر مافیا جس نے چینی 115 روپے کردی وہ سب کابینہ میں بیٹھے ہیں،ہمیں چور اور ڈاکو ئوں کی حکومت کہا جاتا ہے لیکن ہمارے دور میں تو چینی 55 روپے کلو تھی ،ان حاجیوں کے دور میں چینی 115 روپے کلو ہے ،آٹا اور بجلی ان حاجیوں کے دور میں ہی مہنگا ہور ہا ہے ،یہ کیسی ریاست مدینہ ہے جہاں آئے روز قیمتیں بڑھ رہی ہیں ،آئے رو ز پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اسی حکومت میں ہو رہاہے ۔