آئی ایم ایف نے سستا پیٹرول سکیم پر کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا: مصدق ملک

آئی ایم ایف نے سستا پیٹرول سکیم پر کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا: مصدق ملک

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے موٹر سائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کو 100 روپے لیٹر سستا پیٹرول دینا سبسڈی نہیں بلکہ یہ غریبوں کیلئے ریلیف پروگرام ہے جبکہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) نے اس پر کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کو 100 روپے لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے سے متعلق ریلیف پیکیج کا مسودہ تیار کرنے کیلئے ہما ری وزارت کو چھ ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔ 
سستا پیٹرول سکیم سے متعلق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے خدشات پر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ یہ سکیم سبسڈی نہیں ہے اور آئی ایم ایف نے ہم سے کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا، سستا پیٹرول سکیم ویسی ہی ہے جیسے ہم نے گیس کے شعبے میں کیا ہے، گیس سیکٹر میں حکومت کی سکیم پر آئی ایف ایم نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے رواں سال کے شروع میں گیس سیکٹر میں فیول استعمال کی بنیاد پر قدرتی گیس کی مختلف قیمتیں مقرر کی ہیں۔ 
پاکستان میں آئی ایم ایف کے نمائندہ ایسٹر پیریز نے کہا تھا کہ پاکستان نے پیٹرول سکیم سے متعلق آگاہ نہیں کیا، پیٹرول سکیم کی لاگت، اہداف اور فراڈ روکنے سے متعلق پاکستان سے تفصیلات مانگی ہیں۔

مصنف کے بارے میں