ریلوے کی زمینوں پر ماڈل کھوکھا بازار قائم کرنے کا پلان تیار کیاجائے ,خواجہ سعد رفیق

 ریلوے کی زمینوں پر ماڈل کھوکھا بازار قائم کرنے کا پلان تیار کیاجائے ,خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد: وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں شہروں کے مصروف علاقوں میں ریلوے کی زمینوں پر ماڈل کھوکھا بازار قائم کرنے کا پلان تیار کیاجائے ۔


یہ پلان ریلوے کی کمپنیاں ریل کاپ اور ریڈیمکو کے علاوہ پراپرٹی اینڈ لینڈ ڈیپارٹمنٹ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر تیار کرے ، اس پلان کے ذریعے نہ صرف پاکستان ریلویز ملک بھرمیں لاکھوں خاندانوں کو روزگار کی فراہمی میں معاون ہوگابلکہ اپنی زمینوں کا تحفظ کرتے ہوئے آمدن میں بھی اضافہ کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل کھوکھا بازاروں سے شہروں کی مصروف سٹرکوں پر تجاوزات میں کمی آئے گی اور شہریوں کو بھی صاف ستھرے ڈیزائن کئے گئے بازاروں سے اشیاء سستے داموں مہیا ہوسکیں گی۔

خواجہ سعد رفیق ریلوے کی زمینوں پر تہہ بازاری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈائریکٹرپراپرٹی اینڈ لینڈ ارشدسلام خٹک نے مجوزہ پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس میں چیئرپرسن مسز پروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلویز محمدجاوید انور ، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبرفنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچر ہمایوں رشید اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ریلوے کی زمینوں پر قائم ہوئے چھوٹی اور بڑی صنعتوںبارے پالیسی کی منظوری دی گئی جس کے تحت ان کارخانوں سے نہ صرف آئندہ وصولی کی جائے گی بلکہ پچھلے پندرہ سال کے بقایا جات بھی لیے جائیں گے ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی قیمتی زمین عارضی بازاروں کے لیے مقامی بااثرافراد کے حوالے نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب میں محکمہ بلدیات کے ساتھ ریلوے کی زمینوں پر ماڈل بازار بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے اور پھر اس ماڈل کو سندھ اور خیبر پختونخواہ سمیت پورے ملک میں لے جایاجائے ۔ خواجہ سعد رفیق کو بتایا کہ ان کی منظور کردہ پالیسی کے مطابق ریلوے کی زمینوں پر کار اور موٹر سائیکل پارکنگ کی سہولت دی جارہی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ماڈل بازاروں کے لیے پہلے مرحلے میں صرف کلوزڈ سیکشنوں پر جگہوں کی نشاندہی کی جائے اور ریلوے لائنوں کے قریب ایسی منصوبہ بندی کرتے ہوئے انسانی زندگیوں کے تحفظ اور ٹرین آپریشن کو مدِنظررکھاجائے.