وائٹ ہاﺅس کے باہر کشمیریوں کا احتجاجی مظاہرہ

وائٹ ہاﺅس کے باہر کشمیریوں کا احتجاجی مظاہرہ

واشنگٹن: امریکہ میں مقیم سینکڑوں کشمیریوں نے اپنے حق خودارادیت کے حق میں وائٹ ہاﺅس کے باہر احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے ”کشمیر سے بھارتی فوجی کا انخلاء، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد، کشمیر میں دوران حراست گمشدگیاں اور ظلم و تشدد بند کرنے کے نعرے بلند کئے گئے۔ مظاہرین نے مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ریلی کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب میں عالمی رہنماﺅں پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے مستقل حل کی غرض سے پاکستان اور کشمیری قیادت کے ساتھ بامعنی مذاکرات شروع کرنے کیلئے بھارت پر دباﺅ بڑھائے۔

انہوں نے بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی ترک کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدا مات کریں ۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے جو مہمان اعزازی تھے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر ریلی کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر ظلم و تشدد کا سامنا ہے

۔ انہوں نے کہا کہ قابض فورسز نہتے کشمیریوں کو بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنا کر عمر بھر کیلئے معذور اور نابینا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی پر امن جدوجہد آزادی کو کچلنے کیلئے فوجی طاقت کا استعمال کر رہا ہے ۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہیں۔

ریلی کے منتظم ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ لوگوں کی اظہار رائے اور ووٹ دینے کی آزادی سلب کرنا ایک چیز ہے جبکہ ان سے جینے کا حق چھین لینا دوسری ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کشمیری عوام کو امن ، آزادی اور خودارادیت کے حصول میں مدد دے سکتا ہے ۔

ریلی کے شرکاء سے کشمیری امریکن کونسل کے صدر ڈاکٹر امتیاز خان ، سردار ذوالفقار خان، سردار ظریف خان اور سردار زبیر خان کے علاوہ ڈاکٹر ایم اے ڈھر اور دیگر نے خطاب کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں