ن لیگ کی رکن صوبائی اسمبلی کنول نعمان نے استعفیٰ واپس لے لیا

ن لیگ کی رکن صوبائی اسمبلی کنول نعمان نے استعفیٰ واپس لے لیا
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور : مسلم لیگ ن کی ناراض ممبرصوبائی اسمبلی کنول نعمان نے استعفیٰ واپس لے لیا۔کنول نعمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نواز شریف نے گلے شکوے دور کر دئیے،پارٹی میں ہوں اور پارٹی میں ہی رہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی ناراض ممبرصوبائی اسمبلی کنول نعمان نے اپنے مسائل حل نہ ہونے کے باعث پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو بھجوائے گئے استعفیٰ میں کنول نعمان نے کہا کہ میں نے آپ کی قیادت میں10سال گزار دئیے مگر میری شکایت کہیں بھی نہیں ملے گی ، الحمد اللہ میرا ضمیر مطمئن ہے میں نے حق کا نمک ادا کردیا ہے۔

میرے کچھ تحفظات ہیں میر ے مسائل کسی نے حل نہ کئے جس کی وجہ سے میں بدل ہوگئی ہوں آپ کے پاس بھی نہ میر لئے وقت تھا نہ ہے نہ ہوگا ،میں نے پارٹی آپ کی وجہ سے جوائن کی تھی کیونکہ آپ درد د ل رکھنے والی شخصیت ہیں لیکن اپ نے پورے پاکستان کے لوگوں کے دکھ سنے اور انکے مسئلے حل کئے لیکن میں فیض یاب نہ ہوسکی جس کی وجہ سے میں استعفیٰ دے رہی ہوں اسے قبول کیا جائے۔

جس کے بعد قیادت کی جانب سے ان سے رابطہ کیا گیا اور انکے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ناراض ممبرصوبائی اسمبلی کنول نعمان نے استعفیٰ واپس لے لیا۔اس موقع پر کنول نعمان کا کہنا تھا کہ میں اپنا استعفیٰ واپس لیتی ہوں۔شہباز شریف نے میرے مسائل حل کر دئیے ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ میں پارٹی کا حصہ تھی ہوں اور رہوں گی۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے انہیں دوبارہ خوش آمدید کہا گیا اور انکو یقین دہانی کروائی گئی کہ انکے مسائل کو جلد از جلد اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔