بی جے پی مسلسل دوسری مدت کیلئے حکومت بنانے کی پوزیشن میں

بی جے پی مسلسل دوسری مدت کیلئے حکومت بنانے کی پوزیشن میں
کیپشن: حکمراں جماعت کے مخالف انڈین نیشنل کانگریس کے اتحاد یونائٹیڈ پروگریسیو الائنس نے 110 نشستیں حاصل کیں۔۔۔۔۔۔فوٹو/ مودی آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا کی 542 نشستوں کے لیے 7 مراحل میں ہونے والے ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادی دوسری مدت کے لیے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا کی 542 نشستوں کے لیے ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہو گیا جس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کا اتحاد نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس نے 322 نشستیں حاصل کیں۔

حکمراں جماعت کے مخالف انڈین نیشنل کانگریس کے اتحاد یونائٹیڈ پروگریسیو الائنس نے 110 نشستیں حاصل کیں جب کہ دیگر جماعتوں نے بھی 110 نشستیں حاصل کیں۔

حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور بے جے پی اتحاد نے مطلوبہ تعداد سے زیادہ نشستیں حاصل کر لیں۔

خیال رہے کہ 2014 میں حکومت بنانے والی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے 336 نشستیں حاصل کی تھیں جب کہ اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کو 60 نشستیں ملی تھیں۔