کورونا کے خاتمے کیلئے غیر قانونی افراد کی ویکسینیشن ضروری ہے، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن

 vaccination is essential for Illegal immigrants to eradicate corona, says Pakistan Medical Association
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت کو عالمی وبا کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر عالمی وبا کورونا وائرس سے چھٹکارا پانا ہے تو ملک بھر میں مقیم غیر قانونی افراد کی ویکسی نیش انتہائی ضروری ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں ایسے لوگ موجود ہیں جو ہمارے معاشرے میں رس بس چکے ہیں، یہ لوگ ہمارے گھروں میں کام کرتے ہیں، دیگر ملازمتوں سے وابستہ ہیں، 60 لاکھ کے قریب خاکروب ہیں جبکہ مہاجرین کی بھی بڑی تعداد ہے۔

اس سلسلے میں حکومت کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ضروری ہے کہ فوری طور پر ایسے غیر قانونی افراد کی فہرست مرتب کی جائے اور کوشش کی جائے کہ ان تمام افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ایک ہی ڈوز پر مبنی حفاظتی ٹیکہ لگایا جائے کیونکہ دوسری ڈوز کیلئے ایسے افراد کو دوبارہ ڈھوںڈنا انتہائی مشکل ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا سلسلہ زور وشور سے جاری ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک 50 لاکھ سے زائد ملکی شہروں کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔ حکومت نے 30 سال سے زائد عمر افراد کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے جبکہ اس سے زائد عمر کے افراد کو واک ان کی سہولت میسر ہے۔

حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان 30 ممالک میں شامل ہو چکا ہے جہاں کے 50 لاکھ سے زائد افراد کو عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔

ان ممالک چلی، کولمبیا، برازیل، ارجنٹینا، میکسکو، جنوبی کوریا، انڈونیشیا، پولینڈ، نیدرلینڈز، رومانیہ، مراکش، جاپان، کینیڈا، جرمنی، بیلجیئم، سپین، اٹلی، فرانس، اسرائیل، ترکی، بنگلا دیش، امریکا، سعودی عرب، برطانیہ، بھارت، روس، چین، متحدہ عرب امارات اور دیگر شامل ہیں۔