بلاول بھٹو نے عمران خان کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی مجرم قرار دیدیا  

Bilawal Bhutto called Imran Khan the biggest economic criminal in the history of the country
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی مجرم قرار دے دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب پوری دنیا میں معاشی بحران آیا تھا، اس وقت بھی ملکی معیشت کا اتنا برا حال نہیں تھا کہ جتنا اکیلے عمران خان نے کر دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان اپنے محسن ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے دور میں ہونے والی 50 فیصد شرح غربت کے ہدف کے تعاقب میں ملک کو تباہی کی جانب لے جا رہے ہیں۔ اگر عمران خان کے بڑھتے قدموں کو نہ روکا گیا تو وہ گھر گھر معاشی بدحالی کی ایسی آگ لگا دیں گے کہ جسے دہائیوں میں بجھایا نہ جا سکے گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپنے پیچھے معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر عمران خان شوکت عزیز اور پرویز مشرف کی طرح ملک سے باہر چلے جائیں گے۔ عمران خان کو اپنے معاشی جرائم پر ایک عام آدمی سے معافی مانگنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے سخت شرائط پر بھاری قرضے وصول کرکے عمران خان کی کابینہ کرپشن میں ملکی خزانے کا پیسہ اڑا رہی ہے۔ عمران خان کا جرم صرف مہنگائی کرنا نہیں بلکہ مہنگائی کرنے والی مافیا کی سرپرستی کرنا بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسروں پر الزامات لگانے والے عمران خان اپنے گریبان میں جھانکیں۔ پاکستان کے عوام عمران خان کے معاشی جرائم پر انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔