وزیر خارجہ کا امریکی کانگریس رکن شیلا جیکسن لی کیساتھ رابطہ، اہم امور پر گفتگو

Foreign Minister contacts US Congressman Sheila Jackson Lee, discusses important issues
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں جاری مصروفیات کے دوران امریکی کانگریس کی رکن وچیئرپرسن پاکستان کاکس شیلا جیکسن لی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے دوران گفتگو میں پاک امریکہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دو طرفہ شراکت داری کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ امریکی کانگریس، امریکہ کے سیاسی نظام کا اہم ستون ہونے کے ناطے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

وزیرخارجہ نے پاک امریکہ تعلقات کے استحکام میں کانگریسی کاکس کے متحرک اور مثبت کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کا حامی یہ گروپ امریکی کانگریس میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے شیلا جیکسن لی کو سماجی ومعاشی ترقی اور عوام کی بہتری کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات جبکہ افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کے لئے مصالحانہ کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے امریکہ اور پاکستان میں پارلیمانی اور عوامی رابطوں میں فروغ پر زور دیا۔

شیلا جیکسن نے علاقائی و ملکی صورتحال سے آگاہی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی میں امریکن پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی روابط کے فروغ کے لئے پرامید ہیں۔