پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، حکومت کا اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر غور

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، حکومت کا اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر غور

اسلام آباد: حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے راستوں کی بندش اور ریڈ زون سیل کرنے کے علاوہ صوبوں سے پولیس ، ایف سی اور رینجرز طلب کر لی ہے جبکہ فوج طلب کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ روز 25 مئی کو لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا جس پر وزارت داخلہ نے وفاقی پولیس اور انتظامیہ کو اقدامات مکمل کرنے کاحکم دیا ہے اور تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ 
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور سپیشل برانچ حکام نے شرکت کی۔ 
ذرائع کے مطابق دھرنے سے متعلق ممکنہ سیکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ہے جس کے تحت راستوں کی بندش اور ریڈ زون سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ موٹروے اور سیف سٹی کیمروں سے نگران کیلئے مانیٹرنگ سیل بھی بنایا جائے گا۔ 
لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے حکومت نے دیگر صوبوں سے پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ ایف سی اور رینجرز طلب کر لی ہے جبکہ آپریشنل پولیس کوآج قیدی وینز، واٹر کینن اور دیگر سامان فراہم کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سفارشات بھی تیار کر لی گئی ہیں تاہم حتمی منظوری وزارت داخلہ دے گی جبکہ پولیس اور انتظامیہ نے سفارشات میں مظاہرین کو روکنے کی گائیڈ لائنز مانگ لی ہیں۔ 
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماءشہباز گل کا کہنا ہے کہ احتجاج پرامن ہو گا اور اگر حکومت نے کوئی غیر قانونی قدم اٹھایا تو مظاہرین کو روکنا مشکل ہو جائے گا، ان کی ساری منصوبہ بندی رائیگاں جائے گی۔ 

مصنف کے بارے میں