واٹس ایپ نے "میسج ایڈیٹنگ" کا نیا فیچر متعارف کرا دیا

واٹس ایپ نے
سورس: فائل فوٹو

سان فرانسسکو: واٹس ایپ نے میسج ایڈٹ کرنے کی سہولت  متعارف کرادی ہے۔ صارفین واٹس ایپ میسجز بھیجنے کے بعد 15 منٹ تک اس میں ترمیم کر سکیں گے۔ 

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراعلان کیا کہ صارفین واٹس ایپ میسجز بھیجنے کے بعد اس میں 15 منٹ تک ترمیم کر سکیں گے۔ کمپنی نے کہا کہ اس فیچر کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ اسی طرح کی سہولت ایپل کے   i Messages پر پہلے ہی دستیاب ہے۔

پیغام کی ایڈیٹنگ کے لیے آپ کو کچھ دیر تک پیغام پر انگلی رکھنا ہوگی اور سلیکٹ ہونے کے بعد اوپر کی جانب عمودی لائنوں کو ٹچ کرنے پر ایڈٹ بٹن نمودار ہوجائے گا۔ اسے منتخب کرکے آپ پیغام کو ٹھیک کرسکتے ہیں اور تحریر کردہ غلطیوں کو دور کرسکتے ہیں۔  یہ کام میسج بھیجنے کے 15 منٹ کے اندر اندر کرنا ہی ممکن ہوگا۔ 

9621fb61b063618d9d10da2802bc52dd

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کی طرف سے اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ ترمیم شدہ میسج میں ٹائم اسٹیمپ کے ساتھ ایک "ترمیم شدہ" ٹیگ دکھایا جائے گا۔ دوسرے صارفین کو یہ تو معلوم ہو جائے گا کہ بھیجنے والے نے پیغام میں ترمیم کی ہے لیکن وہ  ترمیم شدہ پیغامات کے پچھلے ورژن کو نہیں دیکھ سکیں گے۔