شین وارن، پیٹرسن کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ

شین وارن، پیٹرسن کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ

میلبرن: آسٹریلیا کی پولیس نے سابق لیگ اسپنر شین وارن، انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن اور مائیکل سلیٹر کو فیس بک پر ویڈیو جاری کرنے کے بعد سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے جرم میں 300 ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شین وارن، کیون پیٹرسن، مارک ٹیلر اور مائیکل سلیٹر سمیت تمام افراد جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران ایک ٹی وی چینل میں تجزیہ نگار کی حیثیت سے شریک تھے۔تسمانیہ پولیس نے شین وارن کے فیس بک پر جاری 4 منٹ کی ویڈیو کو جانچنے کے بعد جرمانہ کردیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی میں تینوں سابق کھلاڑی خوش گپیوں کے بعد بیلٹ باندھ رہے ہیں۔

تسمانیہ پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ' تسمانیہ پولیس نے گاڑی میں سوار افراد کو زندگی کے تحفظ کے لیے سیٹ بیلٹ کی اہمیت پر توجہ دلائی اور ڈرائیور کو اصرار کیا وہ اپنے مسافروں کو بیلٹ باندھے پر زور دیں'۔آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مارک ٹیلر گاڑی چلارہے تھے جبکہ سابق وکٹ کیپر آئن ہیلی ان کے ساتھ پہلی سیٹ پر موجود تھے تاہم ان دونوں نے سیٹ بیلٹ باندھی ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان اب تک کھیلے گئے سیریز کے دونوں میچوں میں مہمان ٹیم نے کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی ہے جبکہ فیف ڈوپلیسی کو بال ٹمپرنگ کے جرم میں میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔