سابق نگران وزیر اعظم معین قریشی امریکا میں انتقال کر گئے

سابق نگران وزیر اعظم معین قریشی امریکا میں انتقال کر گئے

واشنگٹن:  سابق نگران وزیراعظم معین قریشی 86 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ نیو نیوز کے مطابق معین قریشی کے خاندانی ذرائع نے سابق نگراں وزیراعظم کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور امریکا میں زیر علاج تھے۔

معین قریشی 1993 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خاتمے کے بعد نگران وزیراعظم بنے تھے اور ان کی نگرانی میں ہونے والے الیکشن میں بے پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تھیں۔ وزارت عظمیٰ سے علیحدگی کے بعد معین قریشی واپس امریکا چلے گئے تھے، اس کے بعد انہوں نے کبھی سیاست میں  حصہ نہیں لیا۔

معین قریشی 26 جون 1930 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے معاشیات کیا اور اسی مضمون میں امریکا سے پی ایچ ڈی کی۔ معین قریشی آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سینئر نائب صدر بھی رہے۔